قوم کے محافظوں کو سلام
شاہ نواز سیال
پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار, پر وقار ملک ہونے کا ثبوت دیا, پاکستان نے ہمیشہ اپنے پڑوسیوں کی خاطر ہر طرح کی قربانی دی , شدید تحفظات ہونے کے باوجود بھی, احترام کا رشتہ برقرار رکھا, کسی کی فرمائش یا کسی کے کہنے پر پڑوسیوں کو کسی بھی طرح کی تکلیف نہیں پہنچائی ہمیشہ سفارتی طریقے سے تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں, حماقت نہیں کی, مگر برادر ملک کی پاکستان کے علاقے ضلع پنجگور میں عرصہ دراز سے مسلسل حماقت نے پاکستان کو مجبور کیا کہ وہ اپنےحق کا بھرپور دفاع کرے, آپ جانتے ہیں پاکستان نے ذمہ دارانہ انداز میں بھر پور جواب دیا ,پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا ایرانی پاسپورٹ ہونے کے باوجود بھی یا دیگر وطن مخالف نیٹ ورک کے ثبوت تک فراہم کیے مگر حدود کی خلاف ورزی نہیں کی –
اے عزیز ہم وطنو! آج ہم بحیثیت قوم ایک ایسے دور سے گزر رہے ہیں ,جس میں ہمیں افواجِ پاکستان کے ساتھ ساتھ ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ قدم سے قدم ملا کے کھڑے ہونا ہے اس صورت حال میں نہ صرف افواجِ پاکستان، ایف سی، رینجرز، فرنٹیر کانسٹیبلری، پولیس اور لیویز بلکہ ان لاکھوں محبِ وطن شہریوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وطن عزیز کے استحکام کے لیے ان کا کردار لازوال اور ناقابل فراموش ہے۔
ہمارے ملک کو بے شمار اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، مگر ہم یقین کے ساتھ کہ سکتے ہیں, افواجِ پاکستان سیکورٹی کے دیگر اداروں خصوصاً سول آرمڈ فورسسز، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مل کر اپنے فرائض پورے کرتے ہوئے ان تمام خطرات کے خلاف دیوار بن کر کھڑی رہے گی، اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنا دے گی۔
پاک فوج دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لیے ہر کوشش کی حمایت کرتی ہے۔ یہ ہماری دلی خواہش ہے کہ پاکستان کے خلاف سر گرمِ عمل تمام عناصر غیر مشروط طور پر ملک کے آئین اور قانون کی مکمل اطاعت قبول کریں اور قومی دھارے میں واپس آجائیں! بصورتِ دیگر ریاست کے باغیوں سے نمٹنے کے معاملے میں شک کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان کی غیور عوام اور افواجِ پاکستان ایسے عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔
جنگی محاذ خواہ اندرونی ہو یا بیرونی، قومیں لڑا کرتی ہیں اور اپنی افواج کا حوصلہ بلند رکھتی ہیں۔ پاک افواج کی طاقت کا سر چشمہ عوام کا اعتماد ہے۔ پاکستانی قوم نے ہمیشہ اپنی افواج کا ساتھ دیا ہے۔ قوم کی حمایت کے ساتھ یقینا ہمارے بہادر سپوت قومی سلامتی کے لیے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان شاء اللہ! ہر آنے والا دن عوام اور افواجِ پاکستان کے رشتے کو مضبوط سے مضبوط تر کرے گا۔ افواجِ پاکستان نے دفاعِ وطن کے بنیادی فریضے کے ساتھ ساتھ ملک کی تعمیرو ترقی اور فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
افواجِ پاکستان وفاق کی تمام اکائیوں کی نمایندہ، قومی یکجہتی کی آئینہ دار، پاکستانیت کی علامت اور دفاعِ وطن کی ضمانت ہے۔ حالیہ برسوں میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ہزاروں سے زائد نوجوانوں نے پاک فوج میں بحیثیت آفیسر اور سولجرز شمولیت اختیار کی ہے جو صوبہ بلوچستان کے لوگوں کا اپنی افواج پر بھر پور اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
تمام مشکلات کے باوجود پاکستان اپنے استحکام اور خوشحالی کی منزل کی طرف رواں دواں ہے۔ 22 کروڑ سے زائد محنتی، ہنرمند اور متحرک عوام پر مشتمل ہمارا وطن ہر لحاظ سے انتہائی اہم مقام پر کھڑا ہے۔ اقوامِ عالم میں صلاحیتوں کے بل بوتے پر ہم اپنا صحیح مقام حاصل کر کے رہیں گے۔
پاکستان کی 65فی صد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہمارے نوجوان قوم کا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ افواجِ پاکستان کے زیرِ نگرانی مختلف تعلیمی اور تکنیکی ادارے چل رہے ہیں جن میں قوم کے ہزاروں بچے زیر تعلیم ہیں، ان میں سے زیادہ تر کا تعلق ملک ہر کونے کے دور دراز علاقوں سے ہے۔
عالمی امن کے قیام میں بھی افواج پاکستان کا کردار نمایاں ہے۔ اقوام متحدہ کی امن فوج میں پاک افواج ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کی تاریخ میں پاکستانی امن دستوں کی تعداد دیگر ممالک سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ اقوامِ عالم کا ہماری قوم اور افواج پر اعتماد کا مظہر ہے۔ اور ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ یہ ایک بین الاقوامی تنازعہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ اس کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا علاقائی سلامتی اور پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ افواجِ پاکستان امن کی خواہاں ہیں، مگر کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار بھی ہیں۔
افواجِ پاکستان جمہوریت کے استحکام، آئین و قانون کی پاسداری اور بالادستی پر یقین رکھتی ہے ۔ یہی وہ واحد راستہ ہے جس پر گامزن رہ کر ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑے ہو سکتے ہیں۔ اس لیے لازم ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کے دیے گئے سنہری اصول’’Faith, Unity and Discipline‘‘ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے۔ ملک کے تمام ادارے ایک دوسرے کے ساتھ ملکر اس نظام کی کامیابی کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے ہمیشہ کام کرتی رہیں گی۔
ریاست کے تمام اداروں کے ساتھ ساتھ قومی تعمیر میں سول سوسائٹی اور میڈیا کاکردار بھی قابل تعریف ہے۔ میڈیا نے ہر موڑ پر وطنِ عزیز کی سلامتی کے حق میں عوامی رائے کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم میڈیا کی آزادی اور ذمہ دارانہ صحافت پر یقین رکھتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔
شہادت ایک عظیم رُتبہ ہے۔ آپ کی افواج جذبہ شہادت سے سر شار ہے۔ خوش نصیب ہیں ہمارے وہ ساتھی جنہیں یہ سعادت نصیب ہوئی۔ آج کا دور پاک سرزمین کی حفاظت کے لیے تجدیدِ عہد کا دور ہے۔ ہم شہدا کے لواحقین کے لیے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ ہم بحیثیتِ قوم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
آخر میں، میں یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ افواجِ پاکستان ملکی سلامتی کو درپیش ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ مسلح افواج قومی سلامتی اور مادر وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔ یہ ہمارا مشن ہے کہ مستقبل کا پاکستان اندرونی اور بیرونی طور پر محفوظ پاکستان ہو۔ قوم کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اگلی نسل کو ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان حوالے کریں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو، آمین!‘‘
Your article helped me a lot, is there any more related content? Thanks!