ماسکو کروکس کمپلیکس پر دہشت گردانہ حملہ، 11 مشتبہ افراد گرفتار
ماسکو(صداۓ روس)
کریملن ہاوس نے ١١ افراد کی گرفتاری کی خبر دی ہے جن میں چار دہشت گرد بھی شامل ہیں جو کروکس کمپلیکس پر دہشت گردانہ حملے میں براہ راست ملوث تھے۔ اطلاعات کے مطابق، روسی خبر رساں ادارے تاس نے ماسکو کے نواحی علاقے کروکس کمپلیکس پر دہشت گردانہ حملے کے مشتبہ دو افراد کی گرفتاری کی اطلاع دی تاہم کریملن کا کہنا ہے کہ چار دہشت گردوں سمیت ١١ افراد براہ راست حملے میں ملوث تھے جنہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ روسی تحقیقاتی کمیٹی نے یہ بھی بتایا ہے کہ دہشت گردانہ حملے کے مشتبہ افراد کو یوکرین کی سرحد کے قریب بریانسک صوبے سے گرفتار کیا گیا ہے۔
روسی سیکیورٹی سروس نے یہ بھی کہا کہ اس حملے کے مشتبہ افراد سرحد پار کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور وہ یوکرین کی جانب سے لوگوں سے رابطے میں تھے۔ کریملن نے یہ بھی بتایا کہ فیڈرل سیکیورٹی سروس کروکس میں دہشت گردانہ حملے میں ملوث فریقوں کی نشاندہی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ روسی تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ماسکو کے قریب کنسرٹ ہال پر دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ١٣٣ ہو گئی ہے۔ اس سے قبل میڈیا نے بتایا تھا کہ اس دہشت گردانہ حملے میں ٦٠ سے زائد افراد ہلاک ہوئے ۔ روس کے وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ اس دہشت گردانہ حملے کے بعد ٥ بچوں سمیت ١١٥ افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔