ایرانی حملے میں ایئربیس سمیت 1 طیارے کو نقصان پہنچا، اسرائیل کا اعتراف
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایرانی حملے میں اسرائیلی ایئر بیس پر 5 ایرانی میزائل لگے جس کے باعث 3 رن ویز اور 1 طیارے کو نقصان پہنچا۔امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی حملے میں اسرائیلی ایئر بیس کو نقصان پہنچا ہے، 5 ایرانی میزائلوں کے حملے میں ایف 35 طیاروں کے نیواٹم Nevatim ایئر بیس کو نقصان پہنچا ہے۔ حملے میں اسرائیلی ایئر بیس کے 3 رن ویز اور 1 سی ون 30 طیارے کو نقصان ہوا، نیواٹم ایئر بیس اسرائیل کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے. اسرائیل نے فوجی اڈے کو نقصان پہنچنے کا اعتراف کرتے ہوئے نقصان کی تصاویر جاری کر دیں۔
ایرانی حکام نے کہا ہے کہ اسرائیل کے اس اڈے کو نشانہ بنایا ہے جہاں سے دمشق کے ایرانی سفارت خانے پر حملہ کیا گیا تھا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے اسرائیل پر حملے کے لیے بھیجے گئے 80 سے زائد ڈرون اور 6 بیلسٹک میزائل تباہ کیے، میزائل اور ڈرون ایران اور یمن سے بھیجے گئے تھے۔ ایران نے اسرا ئیل پر 300 سے زیادہ ڈرون اور کروز اور بیلسٹک میزائلوں کے حملے کیے۔ایران نے 50 فیصد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ اسرائیل نے ایرانی حملوں کو ناکام قرار دے دیا۔ امریکا کے علاوہ برطانیہ اور فرانس کی فوج نے بھی ایرانی ڈرون اور میزائلوں کو نشانہ بنایا۔ اردن کے لڑاکا طیاروں نے بھی شمالی اور وسطی اردن سے اسرائیل کی طرف جاتے درجنوں ایرانی ڈرون مار گرائے، ایرانی میزائلوں کے کچھ ٹکڑے عراق کے کرد ریجن سے بھی ملے ہیں۔ واضح رہے کہ یکم اپریل 2024ء کو اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام کے دارالحکومت دمشق کی المزہ شاہراہ پر واقع ایرانی سفارت خانے کے قونصلر سیکشن پر حملہ کر دیا تھا جس میں 7 فوجی مشیر اور اہلکار شہید ہو گئے تھے۔
جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملہ کیا گیا۔ اقوامِ متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے نے اعلان کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 پر مبنی ایران کی فوجی کارروائی دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر صہیونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں ہے۔