لندن (صداۓ روس)
انگلینڈ کی ٹیسٹ تاریخ کے عظیم ترین سپن باؤلر ڈیرک انڈر ووڈ 78 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق لیجنڈری سپنر انڈر ووڈ نے 1966 اور 1982 کے درمیان 86 ٹیسٹ میچوں میں 297 وکٹیں حاصل کیں اور اپنا پورا فرسٹ کلاس کیریئر کینٹ میں کھیلا، انہوں نے 17 سال کی عمر میں ڈیبیو کیا تھا اور تین دہائیوں میں 900 سے زیادہ میچز کھیلے۔
انڈروڈ نے 1963-1987 تک صرف 19.04 کی اوسط سے 2,523 وکٹیں حاصل کیں۔وہ انگلینڈ کی تاریخ میں چھٹے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔
سابقہ آئی سی سی ٹیسٹ باؤلر رینکنگ کے مطابق انڈر ووڈ کو ستمبر 1969 سے اگست 1973 تک دنیا کے نمبر 1 باؤلر کے طور پر درجہ دیا گیا تھا۔
انڈر ووڈ نے 1987 میں کھیل سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور بطور کینٹ کرکٹر تین کاؤنٹی چیمپئن شپ، دو ون ڈے کپ، تین نیشنل لیگ اور تین بینسن اینڈ ہیجز کپ جیتے، انہیں 1981 کے نئے سال کی اعزازی فہرست میں کرکٹ کے لیے خدمات کے لیے ایم بی ای ایوراڈ سے نوازا گیا تھا۔
2008 میں انڈر ووڈ کو میریلیبون کرکٹ کلب کا صدر نامزد کیا گیا، 2006 میں کینٹ کرکٹ کے کلب کے صدر کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد 2009 میں انہیں آئی سی سی کے کرکٹ ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا۔
کینٹ کرکٹ کے چیئرمین سائمن فلپ نے کہا کہ کینٹ کرکٹ فیملی اپنے ایک عظیم ترین کھلاڑی کے انتقال کے بعد سوگوار ہے۔