کرغزستان میں بے قابو آئس کریم ٹرک بچوں کے ہجوم پر چڑھ دوڑا
آستانہ بشکیک (صداۓ روس)
وسطی کرغزستان کے ایک پہاڑی علاقے میں ایک ثقافتی میلے کے دوران ایک آئس کریم ٹرک ڈھلوان سے نیچے جا گرا اور بچوں کے ایک گروپ سے ٹکرا گیا۔ مقامی میڈیا نے کہا ہے کہ کم از کم 29 بچے اور ایک بالغ زخمی ہوئے، جن میں سے چار ہڈیوں کے ٹوٹنے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہیں۔ یہ سانحہ اس وقت پیش آیا جب ہزاروں لوگ جرگے تال گاؤں کے قریب 19ویں صدی کی کرغیز نظم دی اپیک آف ماناس کے لیے ایک تقریب کے لیے جمع تھے۔ حاضرین میں بڑی تعداد میں طلباء شامل تھے، یہ بچے ایک پہاڑی کے کنارے گھاس پر بیٹھے ہوئے تھے، جن میں سے کچھ نے کرغزستان کا ایک بڑا جھنڈا اٹھا رکھا تھا۔
اس دوران اچانک ایک ٹرک پہاڑی سے نیچے گرنے لگا، جس سے متعدد افراد ٹکرانے لگے۔ جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے جس سے ایسا لگتا ہے کہ بہت سے لوگوں نے آنے والے ٹرک کو نہیں دیکھا کیونکہ وہ مخالف سمت دیکھ رہے تھے۔ اس حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ گاڑی سے نکل گیا تھا اور فون پر بات کر رہا تھا جب اس نے دیکھا کہ ٹرک چل پڑا ہے۔
حکام نے ٹریفک سیفٹی کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقامی میڈیا نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ ٹرک نیچے کی طرف کیوں آیا۔