ہومپاکستانایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، مریم نواز نے ایلیٹ فورس کی...

ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، مریم نواز نے ایلیٹ فورس کی وردی بھی پہن لی

ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ، مریم نواز نے ایلیٹ فورس کی وردی بھی پہن لی

اسلام آباد (صداۓ روس)
ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، آج اس وردی کو پہن کر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت سے جتنی آپ سب کو خوشی ہے اس سے کہیں زیادہ خوشی مجھے ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا ’ایلیٹ فورس نواز شریف اور شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہے جس میں آج تک 70 ہزار نوجوان ٹرین ہوئے۔ آج میں آپ سے اظہار یکجہتی کے لیے یونیفارم پہن کر آئی ہوں یہ بتانے کے لیے کہ میں آپ میں سے ہی ہوں۔‘
’آج جب میں آپ کو حلف لیتے ہوئے سن رہی تھی تو میرے رونگٹے کھڑے ہو رہے تھے، چاہے میں ہوں یا آپ، میں سمجھتی ہوں کہ یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے جو چند افراد کے حصے میں آتی ہے۔ ‘ انہوں نے مزید کہا ’مجھے آج جان کر خوشی ہوئی کہ پاس آؤٹ ہونے والے 860 جوانوں میں 70 خواتین بھی ہیں، میں ان خواتین کے والدین کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں، جب قوم کی بیٹیاں لڑکوں کے شانہ بشانہ اپنے فرائض انجام دیں گی تو ہم کو فخر ہوگا۔‘
مریم نواز نے کہا ’جب بھی میں کسی شہید کو دیکھتی ہوں تو دل میں سوچتی ہوں کہ شہادت کا جذبہ بھی کیا جذبہ ہے کہ والدین اپنے بچوں کو مٹی پر قربان ہونے کے لیے اتار دیتے ہیں، میں اس جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں۔ ایلیٹ فورس کے 85 جوان شہید ہوچکے ہیں، میں ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں اور دعا کرتی ہوں کہ اللہ ان کو بلند درجات سے نوازے‘۔
’انسپکٹر جنرل کے ساتھ میرا رابطہ رہتا ہے، وہ جرات مند انسان ہیں، وہ پولیس فورس میں کافی تبدیلیاں لارہے ہیں، میں ان کو کہتی ہوں کہ میں پولیس فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، ان کے وسائل میں کمی نہیں آئے گی۔‘
مریم نواز نے کہا ’میں روز وردی پہن کر نہیں نکلتی، لیکن جب بھی گھر سے نکلتی ہوں تو میرے کاندھوں پر ذمہ داری کا احساس ہوتا ہے، یہ وردی اعزاز کے ساتھ بہت بڑا امتحان بھی ہے۔ جو حلف آپ نے اٹھا یا ہے، جو وعدے آپ نے عوام کے ساتھ کیے ہیں وہ نبھانے ہیں، مظلوم کی داد رسی کرنی ہے اور آپ نے انصاف کے ساتھ کھڑے ہونا ہے، وہ وقت دور نہیں جب ہم پولیس پر لگے ہوئے دھبے دھوئیں گے اور لوگ اپنے گھروں میں سکون سے سوئیں گے۔‘

واضح رہے اس سے قبل مریم نواز نے گزشتہ ماہ پنجاب پولیس کی بھی وردی زیب تن کی تھی جس کے بعد انھیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا.

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل