بالاکوٹ میں جنگلی ریچھ نے تین بچوں کی ماں پر حملہ کر کے مار ڈالا
مانسہرہ (صداۓ روس)
مانسہرہ کی تحصیل بالاکوٹ کے علاقے جگن میں جنگلی ریچھ نے ایک خاتون کو قتل کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ جگن کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک مشتعل جنگلی ریچھ نے حملہ کر کے تین بچوں کی ماں کو ہلاک کر دیا۔ متوفی خاتون کے لواحقین نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور وائلڈ لائف اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی بالاکوٹ سرکل محمد فرود نے کہا کہ ذمہ دار وائلڈ لائف اہلکاروں کی نشاندہی کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مظاہرین سے کہا کہ وہ پرسکون رہیں اور کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے اور انہیں ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریچھ کے حملے ان کے علاقے میں معمول بن چکے ہیں لیکن متعلقہ محکمے اس حوالے سے ٹھوس اقدامات نہیں کر رہے۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ ’اب علاقے میں ریچھ کے حملے معمول بنتے جا رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے محکمہ جنگلی حیات کے حکام کوئی اقدامات نہیں کر رہے۔‘ انہوں ںے پولیس سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ سرکل کے وائلڈ لائف عملے کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔ شہریوں نے پولیس پر واضح کیا کہ اگر انہیں آئندہ آبادی کے آس پاس کوئی ریچھ نظر آیا تو وہ اسے گولی مار دیں گے۔