جوبائیڈن روس سے محاظ آرائی چاہتے ہیں جس سے ان کی شہرت بڑھے، امریکی صحافی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی پلٹزر انعام یافتہ صحافی سیمور ہرش نے ڈیوڈکیو یوٹیوب چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن ملک میں صدارتی انتخابات سے قبل اپنی منظوری کی درجہ بندی بڑھانے کے لیے روس کے ساتھ جنگ لڑنا چاہتے ہیں. اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم کیوں؟ میں نہیں جانتا کیوں لیکن ایک بات میں آپ کو امریکی صدور کے بارے میں بتا سکتا ہوں اور وہ یہ ہے کہ ماضی میں لنکن اور روزویلٹ جیسے امریکی صدور جو جنگیں جیتتے ہیں امریکی تاریخ کے عظیم صدر بن جاتے ہیں۔ امریکی صحافی نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ لہذا ان کے پاس ہمیشہ یہ آپشن موجود ہوتی ہے اور خاص طور پر حالت جنگ میں رہنے والے امریکی صدر کو ہمیشہ ایسے صدر سے بہتر ریٹنگ ملتی ہے جو حالت جنگ میں نہیں رہا.
واضح رہے اپریل کے آخر میں جو بائیڈن نے یوکرین اسرائیل اور تائیوان کو ہتھیاروں کی فراہمی دوبارہ شروع کرنے کے لیے کانگریس کے پاس کردہ ایک بل پر دستخط کیے تھے۔ پیکیج کی مالیت 95 بلین ڈالر تھی۔ اس میں یوکرین کے لیے 61 بلین ڈالر شامل ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پانچواں سیکیورٹی امدادی پیکج تھا جسے بائیڈن نے قومی سلامتی کے ضمیمہ پر دستخط کرنے کے بعد سے اختیار کیا تھا۔ بلنکن کے مطابق پچھلے پیکجوں کے ہتھیار پہلے ہی کیف کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن اس نئی امداد کو جلد از جلد منتقل کرے گا۔