غزہ میں اسرائیلی حملوں سے مرنے والوں کی تعداد 36400 ہوگئی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
انکلیو کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ اکتوبر 2023 سے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 36400 سے تجاوز کر گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2023 سے اسرائیلی جارحیت کے متاثرین کی تعداد 36439 ہو گئی ہے جبکہ مزید 82,627 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت کے مطابق گزشتہ روز 60 فلسطینی شہید اور 220 زخمی ہوئے۔ یاد رہے مشرق وسطیٰ میں 7 اکتوبر 2023 کو کشیدگی ایک بار پھر بھڑک اٹھی، جب غزہ کی پٹی میں قائم فلسطینی تحریک حماس کے جنگجوؤں نے غزہ سے اسرائیلی سرزمین پر اچانک حملہ کیا، اس حملے کے نتیجے میں اسرائیلی سرحدی بستیوں کے مکینوں کو ہلاک کیا گیا اور 240 سے زائد یرغمال بنائے لئے گئے۔
اس کے جواب میں اسرائیل نے حماس کے عسکری اور سیاسی ونگز کو تباہ کرنے اور تمام یرغمالیوں کو آزاد کرانے کے لیے فلسطینی انکلیو میں فوجی آپریشن شروع کیا۔ نومبر 2023 کے آخر میں مصر اور قطر کی ثالثی میں ایک عارضی انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی گئی جو ایک ہفتے تک جاری رہی۔ اسرائیل کے مطابق اس آپریشن کے دوران 110 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا۔ یکم دسمبر کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی اور لڑائی دوبارہ شروع ہوئی جو آج تک جاری ہے۔