روس میں پہلی بار پاکستانی ملٹری کیڈٹ کی بین الاقوامی ملٹری سپورٹس کونسل کے کھلیوں میں شرکت
ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
تاریخ میں پہلی بار روس میں پاکستانی ملٹری کیڈٹ کی بین الاقوامی ملٹری سپورٹس کونسل کے کھلیوں میں شرکت کی ہے. اس سے قبل کبھی بھی پاکستانی ملٹری کیڈٹ کی روس میں بین الاقوامی ملٹری سپورٹس کونسل کے کھلیوں میں شرکت نہیں کی گئی تاہم اب پہلی بار پاکستان کے 3 ملٹری کالجوں کے کیڈٹس پر مشتمل پاکستانی کھیلوں کا دستہ روس کے شہر تولا میں بین الاقوامی ملٹری اسپورٹس کونسل کے زیر اہتمام متعدد کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے رہا ہے۔
نمائندہ صداۓ روس کے مطابق اس حوالے سے افتتاحی تقریب آج ماسکو کے جنوب میں واقع شہر تولا میں منعقد ہوئی، جس میں روسی نائب وزیر دفاع یوکروو یونیس بک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دوسری جانب روسی فیڈریشن میں پاکستان کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر محمد آصف خان نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
پاکستانی وفد میں ملٹری کالج جہلم، ملٹری کالج مری اور ملٹری کالج سوئی کے 3 افسران اور 15 کیڈٹس شامل ہیں۔ تولا شہر میں ہونے والے ان بین الاقوامی ملٹری سپورٹس کونسل کےکھیلوں کے مقابلوں میں بہت سے ٹریک ایونٹس، والی بال، باسکٹ بال اور باکسنگ کے مقابلے شامل ہوں گے۔ ان کھیلوں کی تقریبات 24 جون سے 30 جون 2024 تک منعقد کی جائیں گی۔