آذربائیجانی صدر آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے
باکو (صداۓ روس)
وسطی ایشیا کے انتہائی اہم اور پاکستان کے دوست ملک آذربائیجان کے صدر الہام علیوف آئندہ ہفتے پاکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ یاد رہے آذری صدر کا یہ دورہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے جس کی دعوت انہوں نے صدر الہام علیوف کو اپنے دورہ باکو کے دوران دی تھی۔ ذرائع کی جانب سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آذربائیجان کے صدر رواں ماہ 12 تاریخ کو اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ صدر پاکستان آصف علی زرداری سمیت دیگر اعلی حکام سے ملاقات کریں گے. آذربائیجان کے صدر کے اعزاز میں ایوان صدر میں ضیافت کا اہتمام کیا جائے گا.صدر الہام علییف وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے ساتھ مذاکرات کریں گے، جبکہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ بھی وزارت خارجہ میں مذاکرات کریں گے۔ اس ملاقات میں فریقین کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، اقتصادیات، سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بات کی جائے گی.