روس ناقابل تسخیر ہے اسے شکست نہیں دی جاسکتی، ہنگری
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربان کا خیال ہے کہ یوکرین کے تنازع میں فوجی طاقت کا توازن روس کے حق میں اتنا ہے کہ میدان جنگ میں اس کی شکست ناقابل فہم ہے۔ اوربان نے گزشتہ ہفتے روس کا سفر کرنے کے اپنے فیصلے سے مغرب، خاص طور پر یورپی یونین میں غصے کو جنم دیا ہے۔ یہ سفر اس مہم کا حصہ تھا جسے وہ “امن مشن” کہتے ہیں اور کیف بھی ان کا دورہ اس ہی تناظر میں تھا۔ اس کے بعد وہ اس ہفتے نیٹو رہنماؤں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ جانے سے پہلے چین کا دورہ کر چکے ہیں۔
جرمن ٹیبلوئڈ بلڈ کے ساتھ ایک انٹرویو میں اوربان نے امن مذاکرات فوری طور پر کروانے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگلے چند مہینوں میں روس اور یوکرین کے درمیان لڑائی مزید بڑھ جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی بھی پرعزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بروقت امن قائم نہ ہوا تو تصادم کی شدت، ہلاکتوں کی تعداد، متاثرین کی تعداد پچھلے سات مہینوں کے مقابلے زیادہ ہوگی۔
اوربان نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے پاس اس بات کا “واضح وژن” ہے کہ وہ اس تنازعے میں کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں، جیسا کہ یوکرین کے رہنما ولادیمیر زیلنسکی کا ہے۔ لیکن ماسکو کی فوجی طاقت بہت زیادہ ہے۔