روس کا جرمنی میں امریکی میزائلوں کی تعیناتی پر فوجی ردعمل دینے کا اعلان
ماسکو (صداۓ روس)
روس کے نائب وزیرخارجہ سرگئی ریابکوف نے جمعرات کو کہا کہ روس جرمنی میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تعیناتی کے امریکہ کے منصوبوں کا فوجی جواب جاری کرے گا۔ ریابکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ ہمارے ردعمل کی نوعیت پرسکون اور پیشہ ورانہ انداز میں ہوگی۔ انہوں نے کہا روسی فوج نے امریکی میزائلوں کی تعیناتی کے موثر رد عمل پر کام شروع کر دیا ہے۔ روسی عہدیدار نے مزید کہا کہ ہم یقیناً اس خطرے کا اندازہ لگا رہے ہیں اور ہم اس پر فوجی ردعمل دیں گے. روسی سفارت کار نے وضاحت کی کہ امریکی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل ٹاما ہاک کروز میزائل اور ایس ایم 6 میزائل کے زمینی ورژن ہو سکتے ہیں۔
یاد رہے بدھ کے روز وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکہ یورپی خطے میں اپنے فوجی اثاثوں کی مستقل موجودگی کو فروغ دینے کی کوشش میں 2026 میں جرمنی میں اپنی ملٹی ڈومین ٹاسک فورس کی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تعیناتی شروع کرے گا۔