پاکستان زرعی شعبے کے طلباء کواعلی تعلیم وتربیت کیلئے چین بھیجے گا
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان زرعی شعبے کے طلباء کواعلی تعلیم وتربیت کیلئے چین بھیجے گا. اطلاعات کے مطابق پاکستان اعلیٰ تعلیم و تربیت کیلئے ایک ہزار زرعی شعبے کے طلباء کو چین بھیجے گا۔یہ اتفاق رائے اسلام آباد میں پاکستان میں چینی سفارتخانے کے قونصلر وزیر کی وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر رانا تنویر حسین کے ساتھ ملاقات میں طے پایا۔اجلاس میں زراعت کے طالب علموں کو تربیت کیلئے چین بھجوانے کے عمل کو حتمی شکل دی۔طلباء چین میں زرعی شعبے میں جدید زرعی طریقہ کار اور فنی مہارت ، جدت پر مبنی مہارتیں اور تحقیق کریں گے۔
یاد رہے اس سے قبل رواں برس وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سے سرکاری خرچ پر ایک ہزار طلبہ کو زراعت کی جدید تربیت کیلئے یانگلنگ ایگریکلچرل ڈیمانسٹریشن بیس بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔ شہباز شریف نے چین میں پاکستانی سفیر اور متعلقہ حکام کو چینی حکام سے منصوبے کو حتمی شکل دینے کی ہدایت دی تھی۔ ایک ماہ قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شی آن میں یانگلنگ ایگریکلچرل ڈیمانسٹریشن بیس کا دورہ کیا.