ماسکو (اشتیاق ہمدانی)
دنیا کے کئی ممالک میں شب عاشور ہے جبکہ گذشتہ رات روس سمیت کئی ممالک میں تمام تر دینی و انسانی جذبے کے ساتھ روز عاشور کی مناسبت سے مجالس اور شب بیداری ہوئی۔ آج بھی سیاہ پوش عزادار نواسۂ رسول مظلوم کربلا اور آپ کے اصحاب باوفا کے روز شہادت پر عزاداری و سوگواری میں مصروف ہیں۔
دنیا بھر میں یکم محرم سے جو نواسہ رسول، مظلوم کربلا حضرت امام حسین علیہ السلا کی عزاداری اور سوگواری کا سلسلہ شروع ہوا وہ آج اپنے عروج کو پہنچ چکا ہے-اور عزاداران سید الشہدا، عزاداری، سوگواری، نوحہ خوانی و سینہ زنی میں مصروف ہیں۔
ماسکو کے اسلامی مرکز حسینیہ میں شب عاشور کی مناسبت سےسید الشہداء امام عالی مقام سیدنا امام حسین علیہ اسلام کے چاہنے والے جو نواسۂ رسول (ص) اور آپ کے اصحاب باوفا کی مظلومانہ شہادت پر اشک غم بہا رہے ہیں۔ عزاداران مظلوم کربلا حاضر ہو کر نوحہ خوانی و سینہ کوبی میں مصروف ہیں۔اسلامی مرکز حسینیہ میں اس وقت عزاداروں کا ہجوم نظر آرہا ہے۔
ماسکو میں موجود پاکستانی عزادار حسین ع کی بڑی تعداد ماتمی سنگت حسینہ نوحہ خوانی و سینہ کوبی میں مصروف ہے اردو اور پنجابی زبان میں پڑھے جانے والے نوحہ اور سلام کو بڑی تعداد میں دنیا کےمختلف ممالک کے عزاداروں نے ماتم میں شریک ہوکر بھرپور عقیدت سے سنا.
اُدھر پاکستان میں بھی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے -تاہم یکم محرم سے ہر طرف مجلس و ماتم، نوحہ خوانی و سینہ کوبی کا سلسلہ جار ی ہے اور عزاداران امام مظلوم کربلا کی آہ و بکا کی صدائٰیں بلند ہیں اور حکومت روس کی جانب سے عزاداروں کو تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے شہروں میں سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔
جبکہ روس میں گزشتہ شب، شبِ عاشور کی مناسبت سے شمع حسینی کے پروانوں نے رات پھر عزاداری، سوگواری اور اپنے خدا سے راز و نیاز اور عبادت میں بسر کی۔ تاریخ کے مطابق جس وقت دشمنان اسلام نے شب عاشور کاروان حسینی پر حملہ کر کے جنگ کو ایک طرف کرنے کا فیصلہ کیا تو امام حسین علیہ السلام نے عبادت پروردگار کے مقصد سے دشمن سے ایک شب کی مہلت طلب کی اور ساری رات پروردگار سے راز و نیاز، دعا و مناجات اور عبادت خدا میں بسر کی۔
قابل ذکر ہے کہ اب سے تیرہ سو بیاسی سال قبل جب خلیفہ وقت، یزید ملعون نے نبی رحمت (ص) کے لائے ہوئے دین اسلام کے ساتھ کھلواڑ کرنا شروع کیا اور قرآن و وحی کے نزول کا انکار کر بیٹھا تو پیغمبر اسلام (ص) کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام نے اصلاحِ امت اور اسلامی و قرآنی اقدار کے تحفظ کے لئے اموی خلیفہ کے خلاف قیام کیا اور دس محرم سنہ اکسٹھ ہجری کو سرزمین کربلا پر اپنا اور اپنے پیاروں کا خون دے کر تا قیام قیامت دین اسلام کو تحفظ عطا کیا۔
شاعر نے کیا خوب کہا ہے:
حسین تم نہیں رہے تمہارا گھر نہیں رہا-
مگر تمہارے بعد ظالموں کا ڈر نہیں رہا.
روس کی مسلم اکثریتی جمہوریہ کے شہر دربینت میں بھی آج یومِ عاشور عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا۔
نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ اسلام کی لازوال قربانی کی یاد میں دربینت میں عاشورہ ٔ محرم الحرام کا جلوس نکالا گیا، اور مجالسِ عزا برپا کی جا رہی ہیں، عزاداروں کا ماتم اور نوحہ خوانی جاری ہے۔ جلو س میں عزاداران امام مظلوم کربلا ، میں عورتوں اور بچوں سمیت بڑی تعداد شریک تھی-