ویمنز ایشیا کپ : سری لنکا نے بھارت کو شکست دیکرایشیا کپ جیت لیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
سری لنکا نے بھارت کو شکست دے کر پہلی مرتبہ ویمنز ایشیا کپ جیت لیا۔ دمبولا میں کھیلے گئے ایشیا ویمنز کے فائنل میں بھارتی ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165رنزبنائے۔ بھارت کی جانب سے سمرتی مندھانا 60 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ جواب میں میزبان سری لنکا ویمنز نے ہدف 19 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا اور بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔ سری لنکا کی ہرشیتھا سمارا وکرما نے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان چماری اتاپتو 61 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔سری لنکا ویمنز نے پہلی بار ایشیا کپ جیتا ہے۔ بھارت 7 بار اور بنگلادیش ایک بار ایشیا کپ جیت چکے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل میں داخل ہوئیں کیونکہ دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے آخری اوور کے سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ ویمنز ایشیا کپ 2024 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔
بھارت نے چار میں سے تین بار T20 ایشیا کپ اور چار بار ون ڈے ایڈیشن جیتا ہے۔