پاکستان ریلویز نے تمام مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان ریلویز نے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کردی۔ اس حوالے سے ترجمان ریلویز کا کہنا ہے کہ یہ کمی تمام مسافر ٹرینوں کی تمام کلاسز کیلئے کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق اے سی کلاس ٹکٹ میں 100 سے 150 روپے تک جبکہ اکانومی کلاس کے کرایوں میں 50 روپے تک کمی کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق کمی کا اطلاق ہفتہ 3 اگست سے تمام مسافر ٹرینوں پر ہوگا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ پاکستان ریلوے نے راولپنڈی اور کراچی کے درمیان چلنے والی 35 اَپ اور 36 ڈاؤن سرسید ایکسپریس کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان ریلوے کی جانب سے سرسید ایکپریس کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مسافر ٹرین کراچی کینٹ سے براستہ فیصل آباد راولپنڈی کے درمیان چلے گی، ٹرین یکم ستمبر سے بحال ہوگی۔ یاد رہے کہ سر سید ایکسپریس کو 2 سال قبل اندرون سندھ سیلابی صورتحال پیدا ہونے کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔پاکستان ریلویز کے مطابق سر سید ایکسپریس کو پرانے روٹ پر یکم ستمبر سے بحال کیا جائے گا۔ راولپنڈی اور کراچی کے درمیان چلنے والی سر سید ایکسپریس پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی جاتی ہے۔ٹرین کو چلانے کے حوالے سے پاکستان ریلوے اور راس لاجسٹک کے درمیان معاہدہ کیا گیا ہے۔