پیرس اولمپکس: اپنے منفرد سٹائل کی وجہ سے ترک شوٹر وائرل ہوگئے
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
پیرس اولمپکس 2204 میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ترک شوٹر یوسف دیکیچ کے ان دنوں اولمپکس میں بظاہر بے پراوہانہ رویہ رکھنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے اے پی ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یوسف دیکیچ ایک عام سی ٹی شرٹ میں نظر کی سادہ عینک پہنے ہوئے بڑے ہی پرسکون انداز میں جیب میں ہاتھ ڈال کر نشانہ باندھ رہے ہیں۔ تصاویر سے معلوم ہوتا ہے جیسے کوئی عام آدمی اولمپکس کے مقابلوں میں شریک ہے۔ 51 سالہ یوسف دیکیچ اس کھیل میں کوئی نئے نہیں ہیں۔ وہ 2008 سے ہر ایک اولمپکس میں شرکت کر رہے ہیں یعنی وہ کُل ملا کر پانچ اولمپکس میں شرکت کر چکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل کچھ میمز میں یوسف دیکیچ کا موازنہ ان کے حریف سربین کے دامر میکچ سے کیا جا رہا ہے جنہوں نے ایک آنکھ پر شوٹنگ مقابلوں کے دوران استعمال ہونے والی خصوصی بلائنڈر جبکہ دوسری آنکھ پر خصوصی لینز اور ایک بڑا سا ایئر ڈیفنڈر(کانوں کو محفوظ رکھنے والا آلہ) پہن رکھا ہے۔
یوسف دیکیچ اور سیوال الیادہ تہران نے منگل کے روز مکسڈ ٹیم 10 میٹر ایئر پسٹل شوٹنگ میں چاندی کا تمغہ جیتا جو کہ اولمپکس شوٹنگ میں ترکی کا پہلا تمغہ تھا۔ سربین کے میکچ اور زورانا آرونوک نے سونے کا تمغہ جیتا تھا جبکہ کانسی کا تمغہ بھارت کے منو بھاکر اور سربجوت سنگھ کے حصے میں آیا تھا۔ یوسف دیکیچ کے برعکس ان کی ٹیم میٹ تہران ترکیہ کے جھنڈے والے یونیفارم میں ملبوس تھیں اور وہ ایئر ڈیفنڈر اور خصوصی لینز پہن کر نشانہ بازی کر رہی تھیں۔