علاقائی جنگ کا خدشہ: روس کا ایران کو جدید ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کا فیصلہ
ماسکو (صداۓ روس)
نیو یارک ٹائمز نے گمنام ذرائع کے حوالے سے پیر کو رپورٹ کیا کہ روس نے ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام اور ریڈار بھیجنا شروع کر دیا ہے کیونکہ اس نے تہران میں حماس کے رہنما اسماعیل ھنیہ کے مشتبہ اسرائیلی قتل کا بدلہ لینے کی دھمکی دی ہے۔ قبل ازیں ایرانی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ تہران نے روس سے جدید فضائی دفاعی نظام حاصل کرنے کی درخواست کی تھی اور نیویارک ٹائمز سے بات کرنے والے دو ایرانی عہدیداروں نے اس درخواست کی تصدیق کی تھی – جس کے بعد روس کی سلامتی کونسل کے سکریٹری سرگئی شوئیگو نے پیر کو تہران کا دورہ کیا۔
ایرانی صدر مسعود پیزیشکیان نے شوئیگو سے ملاقات کی اور اسرائیل کی طرف سے غزہ کے مظلوم اور بے دفاع لوگوں کے خلاف کی گئی مجرمانہ کارروائیوں پر تنقید کی، اس کے ساتھ ساتھ دونوں عہدیداران نے گذشتہ ہفتے بدھ کے روز ہنیہ کے قتل پر بھی تنقید کی۔ ایران کے سرکاری میڈیا نے پیزشکیان کے حوالے سے کہا کہ ایران کسی بھی طرح سے خطے میں جنگ اور بحران کے دائرہ کار کو بڑھانے کا خواہاں نہیں ہے لیکن اسرائیلی حکومت کو اس کے جرائم اور تکبر کا جواب ضرور ملے گا۔ ماسکو نے حماس کے سیاسی رہنما کے طور پر خدمات انجام دینے والے اسماعیل ہنیہ کے قتل کی بھی مذمت کی ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حماس گروپ کے رہنما کے قتل کے بعد اسرائیل کو “سخت سزا” دینے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہم اس کے خون کا بدلہ لینا اپنا فرض سمجھتے ہیں کیونکہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین میں شہید ہوئے تھے۔ اسرائیلی ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس اس بار ایران کو جدید ترین ایس 400 فضائی دفاعی نظام فراہم کر سکتا ہے.