ایبٹ آباد کے گاؤں سنگریڑی میں تیندوے کا گھر پر حملہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
ایبٹ آباد کے سرکل بکوٹ بیروٹ خُرد گاؤں سنگریڑی میں تیندوے نے گھر پر حملہ کر کے متعدد افراد کو زخمی کردیا ہے. اطلاعات کے مطابق ایبٹ آباد کے سرکل بکوٹ بیروٹ خُرد گاؤں سنگریڑی میں تیندوے نے گھر میں گھس کر وہاں موجود افراد کوزخمی کر دیا۔ موصولہ معلومات کے مطابق تیندوے کے حملے سے خاتون نصرت بی بی ،فرحان اور عدنان شدید زخمی ہوگئے ہیں ۔ ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پاکستان میں گزشتہ کئی برسوں میں تیندووں کی جانب سے جنگلوں سے نکل کر انسانوں اور مویشیوں پر حملہ کرنے کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں اور دوردراز دیہات کے ساتھ ساتھ اب تو دارالحکومت اسلام آباد کے نواحی علاقے سے بھی ایسی کارروائیوں کی خبریں ملی ہیں۔ تیندووں کے ان حملوں کا ردعمل ایسی کارروائیوں کا نشانہ بننے والی آبادی کے ہاتھوں جانور کی ہلاکت کی شکل میں بھی نکلتا رہا ہے۔ پاکستان میں تیندووں کے حملوں میں انسانی جانوں کے ضیاع کی بات کی جائے تو سرکاری ذرائع کے مطابق سنہ 2005 سے اب تک کم از کم 15 انسان جس میں آٹھ خواتین، چھ بچے اور ایک مرد شامل ہیں، تیندووں کے حملے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 11 افراد ایوبیہ نیشنل پارک کے اردگرد کے جنگلات میں مارے گئے جبکہ کشمیر میں مارے جانے والوں کی تعداد چار ہے۔