چہلم امام حسین علیہ السلام پر ایک لاکھ سے زائد پاکستانی زائرین ایران جائیں گے
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم یا اربعین کے موقع پر اس سال پاکستان سے ایک لاکھ سے زائد زائرین کی ایران آمد متوقع ہے۔ ایران کی مہر نیوز کے مطابق، ایران کی وزارت ٹرانسپورٹ میں اربعین کمیٹی کے سربراہ حسین مذنب نے کہا ہے کہ اس سال اربعین کے موقع پر ایک لاکھ سے زائد پاکستانی زائرین کی آمد متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیستان و بلوچستان کی سرحدی گزرگاہوں پر زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
سرحد پر ویٹنگ ہال میں توسیع، ائیرکنڈیشنڈ سسٹم اور سائبان کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ انہوں نے تمام حکومتی اداروں کے درمیان روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زائرین کی آمد و رفت کو کسی تعطل کے بغیر بحال رکھنے کے لئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔