امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا ویانا میں شو منسوخ کر دیا گیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
آسٹریا کے وفاقی وزیر برائے داخلہ گیرہارڈ کارنر نے کہا کہ ویانا میں امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹس کے منتظمین نے مسلسل دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر شو کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت صورتحال بدستور سنگین ہے۔ آسٹریا کی وزارت داخلہ نے بدھ کے روز کہا کہ ایک 19 سالہ آسٹرین شہری جس پر ویانا میں ایک بڑی تقریب کے دوران دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا شبہ ہے، کو ٹرنیٹز شہر سے حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کے دوران اس حوالے سے مزید گرفتاریاں کیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خطرے کی وجہ سے صورتحال سنگین تھی اور ہے۔ آسٹریا کی وزارت داخلہ اور ریاستی انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے صحافیوں کو بتایا کہ 19 سالہ ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے کہ وہ ملک میں دہشت گردی کرنا چاہتا تھا، انہوں نے مزید کہا کہ زیر حراست شخص کا ارادہ تھا کہ وہ سٹیڈیم کے باہر لوگوں پر حملہ کر کے خودکشی کر لے۔