روس نے سربیا کو بغاوت کی کوشش کے بارے میں خبردار کردیا تھا، صدر
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
سربیا کے صدر کا کہنا ہے کہ انہیں روس سے بغاوت کی وارننگ ملی تھی. سربیا صدر الیگزینڈر ووچک نے صحافیوں کو بتایا کہ روس نے سربیا کو بغاوت کی ممکنہ کوشش کے بارے میں خبردار کیا ہے۔ ان کا یہ بیان ملک کے دارالحکومت میں متوقع احتجاج سے ایک دن پہلے آیا ہے۔ سرب صدر کے مطابق سربیا کی سیکورٹی انٹیلی جنس ایجنسی پہلے ہی ماسکو کی طرف سے فراہم کردہ لیڈز پر کام کر رہی ہے۔ سربین صدر نے کہا کہ ہمیں روسی فیڈریشن سے باضابطہ معلومات موصول ہوئیں، معلومات سرکاری چینلز کے ذریعے منتقل کی گئیں کہ بغاوت ہونے والی ہے. صدر نے کہا کہ ہمارے ملک کے حکام اس بغاوت سے نمٹ رہے ہیں اور پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
صدر نے یہ نہیں بتایا کہ خطرہ کہاں سے ہے یا اس بغاوت کے پیچھے کون ہے۔ انہوں نے کہا سربیا آگے بڑھ رہا ہے اور اس کا دشمن اسے روک نہیں سکتا. اس سے قبل سربیا کے خبر رساں اداروں نے اطلاع دی تھی کہ روسی سیکیورٹی سروسز نے ووک کو ان فسادات کے بارے میں خبردار کیا تھا جو سربیا میں ملک کی قیادت کو ختم کرنے کے حتمی مقصد کے ساتھ منصوب کیے جا رہے ہیں۔