ایران میں بس حادثہ : 35 پاکستانی زائرین جاں بحق
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستانی زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس کو آگ لگ گئی۔ ایرانی میڈیا کا بتانا ہےکہ زائرین کی بس کو حادثہ رات 9 بج کر 54 منٹ پر پیش آیا، بس میں 53 زائرین سوار تھے، حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں و لاشوں کو بس سے نکالا جب کہ حادثے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ لاڑکانہ میں موجود مولانا قمر عباس نقوی کا دعویٰ ہے کہ حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ بس لاڑکانہ سے روانہ ہوئی تھی جس میں 14 خواتین سمیت 50 سے زائد افراد سوار تھے، ، 10 افراد خیرپور اور 6 افراد کا تعلق کشمور سے تھا۔ ایران میں موجود قافلے کے سر براہ سید اطہر شمسی نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قافلے میں دو بسیں شامل تھیں، ایک بس میں وہ خود بھی سوار تھے، زائرین دو بسوں میں سوار تھے، پاسپورٹ اور کاغذات کے مسائل کی وجہ سے ان کی بس پیچھے رہ گئی، آگے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوگئی۔