راولپنڈی میں بنگلہ دیش نے تاریخ رقم کردی،پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخ کی پہلی شکست
اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار شکست دے دی۔ میچ کے پانچویں روز پاکستانی ٹیم نے 146 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے صرف 30 رنز کا ہدف دیا ہے جو بنگلہ دیش نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ میچ کے پانچویں روز پاکستانی ٹیم نے 146 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو جیتنے کے لیے صرف 30 رنز کا ہدف دیا ہے اور آج کے دن کے 52 اوورز باقی ہیں۔اننگز کا آغاز کپتان شان مسعود کی وکٹ گرنے سے ہوا جس کے بعد بابر اعظم نے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ بابراعظم اپنی اننگز کے آغاز میں خوش قسمت رہے جب ان کا کیچ بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر نے گرا دیا۔
بابراعظم اس چانس کے باوجود لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 22 رنز بنا کر چلتے بنے۔ نائب کپتان سعود شکیل اور آغا سلمان بغیر کوئی رنز بنائے واپس لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 51 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی، جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے 565 رنز بنائے تھے۔ اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کے ہاتھوں 13 میں سے 12 ٹیسٹ میچوں میں شکست کا منہ دیکھا اور صرف ایک میچ ہی ڈرا کر پائے تھے۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو اسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جو پہلے کراچی میں شیڈول تھا کیوں کہ چیمپیئنز ٹرافی کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل بینک سٹیڈیم میں تعمیراتی کام دن رات جاری ہے۔