حزب اللہ کا اسرائیل پر ڈرون اور راکٹوں سے حملہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اپنے کمانڈر فواد شکر کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر رات گئے 300سے زائد راکٹوں اور ڈرون طیاروں سے حملہ کردیا ہے ۔
الجزیرہ کے مطابق حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں قائم مختلف شہروں پر ڈرون طیاروں اور راکٹوں سے حملہ کیا، حملے میں اسرائیلی فوجی تنصیبات اور دفاعی نظام آئرن ڈوم کو نشانہ بنایاگیا۔حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم نے اپنے کمانڈر فواد شکر کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیل پر 320راکٹ فائر کیے اور یہ ہمارے بدلے کا صرف پہلا مرحلہ ہے ۔
حزب اللہ کے حملے کے بعد تل ابیب سے آنے اور جانے والی تمام پروازوں کو معطل کردیا گیا تھا جنہیں اب بحال کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب حزب اللہ کے حملوں کے بعد اسرائیل میں آئندہ 48گھنٹوں کیلیے ایمرجنسی صورتحال کا اعلان کیا گیا ہے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حزب اللہ کے حملوں کے جواب میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے بھی لبنان پر حملے شروع کر دیے ہیں جب کہ اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ہماری ائیر فورس کے 100 جنگی طیاروں نے حزب اللہ کے راکٹ لانچر سائٹس پر پیشگی حملے کرکے ہزاروں راکٹس کو حزب اللہ کے حملے سے قبل ہی تباہ کردیا تھا۔