امریکا نے وینزویلا کے صدر کا طیارہ چرا لیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکا نے وینزویلا کے صدر کا طیارہ غیر قانونی طور پر تحویل میں لے لیا ہے۔ واشنگٹن سے امریکی میڈیا کے مطابق امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی پر جہاز قبضے میں لیا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکا اور براعظم جنوبی امریکا میں واقع ملک وینزویلا کے تعلقات طویل عرصے سے سرد مہری کا شکار ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکا نے طیارے کو ڈومینکن ری پبلک سے ضبط کر کے امریکی ریاست فلوریڈا پہنچایا۔ وینیزویلا کے صدر کا 13 لاکھ ڈالر مالیت کا جہاز کئی ماہ سے ڈومینیکن ری پبلک میں موجود تھا، امریکی حکام نے جہاز کی ڈومینیکن ری پبلک میں موجودگی کی وجہ نہیں بتائی۔
امریکی حکام نے کہا کہ یہ طیارہ فلوریڈا کی ایک کمپنی سے 2022 کے آخر اور 2023 کے اوائل میں کیریبین میں قائم ایک شیل کمپنی نے پابندیوں سے بچنے کے لیے خریدا تھا۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ وینزویلا میں ایک فوجی اڈے سے مادورو کو غیرملکی دوروں پر لے جانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب وینزویلا کی حکومت نے ایک بیان میں اس اقدام کو ایک مجرمانہ عمل قرار دیتے ہوئے مسترد کیا، اور کہا کہ اس عمل کو بحری قزاقی کے علاوہ کسی اور چیز کے طور پر بیان نہیں کیا جا سکتا۔