ہندوستان 2030 تک روسی تیل کی درآمد میں اضافہ کرے گا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
روس میں ہندوستان کے سفیر ونئے کمار نے ایسٹرن اکنامک فورم کے موقع پر میڈیا کو بتایا کہ ہندوستان روس کے ساتھ تجارتی ٹرن اوور کے اہداف کے مطابق 2030 تک روسی تیل کی درآمد میں اضافہ کرے گا جو دونوں ممالک کے رہنماؤں نے طے کیا ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ہندوستان روسی تیل کی درآمد کو بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے؟ ہندوستانی سفارت کار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے 2030 تک دو طرفہ تجارت کے لیے جو ہدف مقرر کیا ہے وہ 100 بلین ڈالر ہے، اس لیے ہم دو طرفہ تجارت کے اس ہدف تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا مطلب ہے کہ تیل کی درآمد میں اضافہ ہونا چاہیے.
روسی سفارت کار نے مزید کہا کہ ہندوستان روس کو کاروں کے پرزہ جات اور دواسازی کی برآمدات میں بھی اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا ہم نہ صرف روس سے ہندوستان میں درکار اشیاء کی درآمدات بڑھانے کے خواہاں ہیں بلکہ دواسازی، کھانے پینے کی مصنوعات، آٹو پارٹس، سیرامک ٹائلز، انجینئرنگ کے سامان، چمڑے اور جوتے کی مصنوعات کی ہندوستان سے برآمدات کو بھی بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روس ایسی چیزیں بڑی مقدار میں درآمد کرتا ہے۔ ہندوستانی سفیر نے مزید کہا کہ ہمارا کام روسی صارفین کو ہندوستانی مصنوعات خریدنے کے لیے ساز گار ماحول پیدا کرنا ہے.