بیلاروس میں جاپانی شہری کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا
مینسک (صداۓ روس)
بیلاروس کی اسٹیٹ سیکیورٹی کمیٹی کے تفتیشی دفتر کے سربراہ کونسٹنٹن بائیچیک نے بیلاروس-1 ٹیلی ویژن کو بتایا کہ جاپانی شہری ماساتوشی ناکانیشی کو بیلاروس میں ایجنٹ کی سرگرمیوں کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے اور اس نے پوچھ گچھ کے دوران اپنے غیر قانونی اقدامات کا اعتراف بھی کیا ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ناکانیشی پر بیلاروس کے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 358-1 (ایجنٹ کی سرگرمی) کے تحت جرم کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا ملزم کو کے جی بی کے مقدمے سے پہلے حراستی مرکز میں رکھا جا رہا ہے، وہ تفتیش کاروں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہا ہے اور انہیں اپنے غیر قانونی اقدامات کا تفصیلی بیان دے رہا ہے۔ بائیچک کے مطابق زیر حراست جاپانی شخص نے بیلاروس کی سرزمین پر رہتے ہوئے “فوجی نوعیت کی انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کیں اور جاپانی خصوصی سروس کو منتقل کیں۔ متعلقہ معلومات بیلاروس کا فوجی ڈھانچہ، فوجیوں کی نقل و حرکت، جنوبی سمت میں موجودہ صورتحال وغیرہ پر مبنی تھیں. اس کے علاوہ، جاپانی شہری نے ان بیلاروسی شہریوں کو جاپانی خفیہ ادارے میں بھرتی کرنے کی کوشش کی جن کی ریاستی رازوں تک رسائی تھی۔