ماسکو ریجن پر ڈرون حملہ، خاتون ہلاک متعدد زخمی
ماسکو (صداۓ روس)
روسی حکام نے بتایا کہ یوکرین نے رات بھر ماسکو اور اس کے مضافات میں ڈرون حملہ کیا جس میں کم از کم 14 ڈرونز شامل تھے۔ ماسکو ریجن کے گورنر اینڈری ووروبیوف کے مطابق، حملے سے اپارٹمنٹ کی کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور اس کے نتیجے میں کم از کم ایک ہلاکت اور متعدد زخمی ہوئے۔ گورنر نے ابتدائی طور پر کہا بدقسمتی سے ان حملوں کے نتیجے میں ایک نو سالہ بچہ ہلاک ہو گیا ہے. اس کے بعد ایک ڈرون نے رامینسکوئے شہر میں سپورٹوننے پرویذد پر ایک بلند و بالا عمارت کو نشانہ بنایا، جس سے 11ویں اور 12ویں منزل پر متعدد فلیٹوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم تقریباً 90 منٹ بعد ٹیلی گرام پر ایک فالو اپ پوسٹ میں واضح کیا گیا کہ بچہ دراصل زندہ بچ گیا تھا، لیکن ایک 46 سالہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ اس حملے میں مزید تین افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
یوکرین کی جانب سے کئے جانے والے ایک اور ڈرون حملے میں ویسوکووولتنایا سٹریٹ پر ایک عمارت سے ٹکرا گیا، جس سے 9ویں منزل پر ایک اپارٹمنٹ کو نقصان پہنچا اور کم از کم ایک شخص زخمی ہوا۔ ووروبیوف نے بتایا کہ تمام ہنگامی خدمات فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں اور رہائشیوں کے انخلاء کا انتظام کیا۔ گورنر نے مزید کہا کہ نکالے گئے رہائشیوں کو ایک تفریحی مرکز میں عارضی رہائش گاہ میں رکھا گیا ہے، اور انہیں کھانا فراہم کیا گیا۔
ماسکو ریجن کے گورنر اور روسی دارالحکومت کے میئر سرگئی سوبیانین دونوں کے مطابق، مجموعی طور پر، ماسکو ریجن کے اضلاع پوڈولسک، رامینسکوئے، لیوبرٹسی، ڈوموڈیڈوو اور کولومنا میں راتوں رات کم از کم 14 ڈرونز کا پتہ چلا اور ان کو روکا گیا۔