امریکہ کی بیلسٹک میزائل پروگرام کے سپلائرز پر پابندیاں، پاکستان کا ردعمل آگیا
اسلام آباد (صداۓ روس)
امریکہ کی بیلسٹک میزائل پروگرام کے سپلائرز پر پابندیوں کے معاملے پر پاکستان کا مؤقف سامنے آیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے مقامی نیوز چینل کے استفسار پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاملے کی تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امریکا نے بیلسٹک میزائلوں اور کنٹرولڈ میزائل آلات اور ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ میں ملوث ہونے کے الزام میں 5 اداروں اور ایک فرد پر پابندیاں عائد کی ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پابندیوں میں ایک چینی ریسرچ انسٹیٹیوٹ، 3 چینی کمپنیوں اور ایک چینی فرد شامل ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے معاملے کی تصدیق کردی ہے۔ امریکی ترجمان میتھیو ملر کے مطابق چینی ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے شاہین 3 اور ابابیل سسٹمز اور ممکنہ طور پر بڑے سسٹمز کیلئے راکٹ موٹرز کی جانچ کے آلات کی خریداری میں پاکستان کے ساتھ کام کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کہیں بھی ممنوعہ ہتھیاروں کے پھیلاؤ اور متعلقہ خریداری کی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کرتا رہے گا۔