برطانوی وزیر جرائم کا پرس پولیس کانفرنس کے دوران چوری
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
محکمہ پولیس اور جرائم کی وزیر ڈیم ڈیانا جونسن کا پرس ویسٹ مڈلینڈز میں پولیس افسران سے ملاقات کے دوران چوری ہوگیا۔ سالانہ اجلاس میں لیبر پارٹی کی خاتون وزیر کا کہنا تھا کہ برطانیہ سماجی مخالف رویے، چوری اور دکانوں کی چوری کی وبا کی لپیٹ میں ہے، کریمنل جسٹس سسٹم زوال کا شکار ہے۔ تقریر کے دوران ہی ان کا پرس غائب ہوا، جس کا انکشاف انہوں نے اجلاس کے بعد کیا۔ پولیس کے مطابق 56 سالہ مشتبہ شخص کو ہوٹل سے گرفتار کیا گیا ہے جہاں اجلاس منعقد کیا گیا تھا، پرس چوری کی تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ ڈیم ڈیانا جونسن برطانوی لیبر پارٹی کی رکن ہیں۔ وہ 2005 سے ہل نارتھ کے حلقے سے رکن پارلیمان منتخب ہوتی آ رہی ہیں۔ جونسن نے برطانیہ میں خواتین کے حقوق، صحت اور سماجی انصاف کے موضوعات پر اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اپنی خدمات کے اعتراف میں 2020 میں ڈیم کا اعزاز حاصل کیا۔ جونسن کی نمایاں مہمات میں خون کے مسائل سے متاثرہ افراد کے حقوق کے لیے جدوجہد، صحت کی خدمات میں بہتری اور صنفی مساوات کےلیے اقدامات شامل ہیں۔