پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی فروخت کا معاہدہ
ماسکو (صداۓ روس)
پاکستان کا آذربائیجان کے ساتھ جے ایف 17 بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی فروخت کا معاہدہ طے پا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کی فضائی طاقت بڑھانے کیلئے جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی فروخت کا معاہدے ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران ان کو جے ایف۔17 لڑاکا طیارے کی جنگی صلاحیتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی۔
آذربائیجان کی درخواست پر پاکستان نے پی اے ایف کا دستہ باکو میں اے ڈی ایکس 2024 میں شرکت کیلئے تعینات کیا ہے، جس میں فضائی صلاحیت اور پاکستان کے فخر جے ایف۔17 تھنڈر بلاک تھری کے ڈسپلے کا مظاہرہ کیا گیا۔ جے ایف۔17 کی پی اے ایف ملٹی رول ٹینکر ٹرانسپورٹ طیارے سے ایئر ٹو ایئر فیولنگ کی گئی، جس نے طویل فاصلے تک پہنچنے کی صلاحیت اور پی اے ایف کے لڑاکا طیارے کی پہنچ کا مظاہرہ کیا۔ صدر آذربائیجان نے جے ایف۔17 کے ڈسپلے اور جے ایف۔17 تھنڈر کے فضائی مظاہرہ کا مشاہدہ کیا، جس میں پی اےایف پائلٹس کی پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ لڑاکا طیارے کی چابکدستی کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر صدر آذربائیجان نے کہا کہ پاکستان کی مدد دونوں ممالک کے درمیان موجودہ فوجی تعاون، دفاعی اشتراک کو فروغ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی۔