ملائیشیا کے وزیراعظم کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ون آن ون ملاقات کی. دونوں رہنماؤں کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دو طرفہ امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ ءخیال کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو ملائیشیا کو سال 2025 کے لئے آسیان کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم ابراہیم نے ، آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر ، پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیرمقدم کیا. انھوں نے پاکستان اور آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے وسیع تر کردار کی حمایت کا اظہار کیا۔ وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعاون کا ذکر کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تمام سطحوں پر بات چیت اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) اور دو طرفہ مشاورت بڑھانے کے لیے حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔