روس کا اپنے شہریوں کو فوری اسرائیل چھوڑنے کا حکم
ماسکو (صداۓ روس)
نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے اسرائیل میں ماسکو کے سفیر اناتولی وکٹوروف نے مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایران کی جانب سے لبنان پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں یہودی ریاست پر تقریباً 200 میزائل داغے جانے کے بعد روسی سفیر نے روسی شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل چھوڑ دیں. روسی سفارت کار نے بتایا کہ ہم ان لوگوں کو مشورہ دے رہے ہیں جو اس وقت اسرائیل میں ہیں وہ فوری طور پر یہ ملک چھوڑنے کے بارے میں سوچیں کیونکہ ابھی بھی باقاعدہ پروازیں موجود ہیں جن کے ذریعے ملک سے نکلا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت اسرائیلی قومی کیریئر ایل ال سمیت ایئر لائنز کے ذریعے پروازیں چلائی جارہی ہیں.
وکٹوروف نے روسی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے سفر کے بارے میں فیصلے کرنے سے پہلے اپنی زندگی اور صحت کو لاحق خطرات پر غور کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل اور پڑوسی ممالک میں صورتحال انتہائی گھمبیر ہے۔ روس کی سول ایوی ایشن ایجنسی کی سفارشات کے مطابق اس ہفتے کے شروع میں متعدد روسی ایئر لائنز نے اسرائیل، ایران اور عراق کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں۔