لبنان میں اسرائیل کی بدترین بمباری جاری، ہر طرف تباہی
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
لبنانی دار الحکومت بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ پر شدید حملوں کی ایک اور رات گزر گئی۔ اس حوالے سے درجنوں وڈیو کلپوں میں آسمان میں دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں دھوئیں کے سیاہ اور سفید بادل بھی اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس دوران میں الضاحیہ کے دو علاقوں “سینٹ ٹیریز” اور “برج البراجنہ” کے علاقوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔حزب اللہ کے قریبی ذرائع کے مطابق سینٹ ٹیریز پر حملوں میں ایک عمارت تباہ ہو کر زمین کی سطح کے برابر ہو گئی۔ بعد ازاں الحدث کے علاقے میں بھی ایک شدید فضائی حملہ کیا گیا۔ یہ بات لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتائی۔
رپورٹ کے مطابق سینٹ ٹیریز کے علاقے پر کم از کم 4 حملے ہوئے۔ ان کے نتیجے میں علاقے میں واقع معروف سینٹ ٹیریز ہسپتال نے کام روک دیا۔ تقریبا دو گھنٹے تک اس مقام پر آگ بھڑکتی رہی۔ بیروت کی آبادی میں بہت سے لوگوں نے بدبو کے پھیل جانے کی شکایت بھی کی ہے تاہم انھیں اس کی وجوہات معلوم نہیں۔ بعض کے نزدیک اس کی وجہ اسرائیل کا فاسفورس بم یا کچھ اور استعمال کرنا ہو۔ اسی طرح بعض لوگوں کے مطابق بیروت کے مختلف حصوں میں ماچس کی بو پھیل گئی ہے۔