ہومپاکستانآل پارٹیز کانفرنس، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

آل پارٹیز کانفرنس، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

آل پارٹیز کانفرنس، غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

اسلام آباد (صداۓ روس)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور فلسطین کے موضوع پر آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ ایوان صدر میں فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس ہوئی جس میں صدرمملکت اور وزیراعظم سمیت سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور رہنما شریک ہوئے ۔ اپنے خطاب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ میں کئی بار یاسر عرفات سےملا، پاکستان کا پی ایل او کے ساتھ کوآپریشن رہا ہے، اسرائیل اپنی جارحانہ کارروائیوں میں اضافہ کرتا جارہا ہے اور یہ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ اسرائیلی جارحیت میں اب تک 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں اور اب وہ لبنان و شام سمیت دیگر ممالک کو نشانہ بنارہا ہے، عالمی برادری اسرائیل کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے اور فلسطین بالخصوص غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جارہی ہے دنیا اس بات کا سخت نوٹس لے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کوبدترین اسرائیلی جارحیت کا سامنا ہے، عالم اسلام کو آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنا ہوں گے، ہم سب فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں، وقت آگیا ہے کہ خونریزی کو بند کرانے کے لیے اپنی تمام کاوشیں بروئے کار لائی جائیں، خونریزی کو بند کرانا ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہیے، جبکہ فلسطین کی آزاد ریاست کا قیام اور القدس شریف اس کادارالخلافہ ہونا چاہیے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین میں گزشتہ سال سے اب تک 85 ہزار ٹن بارود پھینکا ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 80 سے 90 فیصد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں اور 10 ہزار افراد ملبے تلے دب چکے ہیں جبکہ 42 سے 43 ہزار افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 30 ہزار بچے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم کی وجہ سے اسکولوں، ہسپتالوں اور حتیٰ کے چرچز کو بھی تباہ کیا گیا ہے، اسرائیل انسانیت کے خلاف بدترین عمل سرانجام رہا ہے اور اسے نسل کشی کہا جائے گا۔ایوان صدر میں اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کےلیے منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے خطاب میں ایم ڈبلیوایم کے سربراہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل نے ناجائز قبضہ کیا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ اسرائیل ایک غیر قانونی ریاست ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ اسرائیل ایک غیر قانونی ریاست ہے، اہل فلسطین کا اسرائیل کے ساتھ لڑنا ان کا حق ہے۔راجا ناصر عباس نے مزید کہا کہ آپ کے گھر پر کوئی قبضہ کرلے تو اس کو چھڑوانا آپ کا حق ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ قابض کو آپ کہہ دیں کہ تم آدھا گھر رکھ لو۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک سال سے غزہ میں مزاحمتی تحریک کو ختم نہیں کرسکا۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل