روسی وزیراعظم آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے
اسلام آباد (صداۓ روس)
آئندہ ہفتے دو ممالک کے وزرائے اعظم پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں روس اور چین شامل ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق روسی فیڈریشن کے وزیراعظم میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن کی 14 اکتوبر کو اسلام آباد آمد متوقع ہے جو کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہان مملکت اجلاس میں شرکت کریں گے۔ روسی وزیراعظم میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن کے ہمراہ ایک وفد بھی پاکستان پہنچے گا جبکہ روسی صحافیوں کی بڑی تعداد بھی آئے گی۔ دورہ پاکستان میں روسی وزیر اعظم کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی ہوگی جبکہ میخائل ولادیمیرووچ مشہوسٹن دیگر اعلیٰ پاکستانی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ روسی وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا۔ اسی طرح چین کے وزیراعظم لی کیانگ بھی ایک اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ 14 اکتوبر کو ہی پاکستان پہنچیں گے۔ چینی وزیراعظم کا تین روزہ دورہ پاکستان دو حصوں پر مشتمل ہوگا۔
دورے کے پہلے حصے میں چینی وزیر اعظم کی وزیر اعظم شہباز شریف سمیت دیگر اعلیٰ پاکستانی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی جبکہ چینی وزیراعظم کی پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ ملاقاتوں میں پاک چین تعلقات، سی پیک کے نئے منصوبوں، چینی باشندوں اور منصوبوں کی سیکیورٹی سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔