شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے اجلاس کی صدارت باعث اعزاز ہے، شہباز شریف
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ ایس سی او سربراہان حکومت کانفرنس کے 23ویں اجلاس کی صدارت باعث اعزاز تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ سربراہ اجلاس سے خطاب میں پائیدار ترقی کے حوالے سے ایس سی او کے تعمیری کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے علاقائی روابط،معاشی شراکت داری ، غربت کے خاتمے،موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط اقدامات پر زور دیا۔ وزیراعظم نےاپنے خطاب میں کثیر الجہتی تعاون اور عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ یقین ہے کہ ہم مل کر ایس سی او خطے کے عوام کا روشن مستقبل تعمیر کر سکتے ہیں۔
افغان سرزمین کا دہشت گردی کیلیے استعمال روکنا ہوگا
وزیراعظم نے مزید کہا کہ افغانستان علاقائی ترقی اور استحکام کے لیے بہت اہم ملک ہے لیکن افغان سرزمین کا دہشت گردی کے لیے استعمال روکنا ہوگا، عالمی برادری افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امداد پر توجہ دے۔ خطے کے ممالک میں ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے بہت مواقع ہیں۔ پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، علاقائی ترقی کے لیے بیلٹ اینڈ روڈ انتہائی اہم منصوبہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ خطے سے غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کو ترجیح دینا ہوگی۔ غربت معاشی ہی نہیں بلکہ اخلاقی مسئلہ بھی ہے، لہٰذا غربت کے خاتمے کے لیے بنیادی وجوہات کے حل پر توجہ دینا ہوگی۔ ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدامات ضروری ہیں۔