ہومتازہ ترینبریکس سربراہی اجلاس: یوکرین ہمارے خلاف استعمال ہوا ، روسی صدر

بریکس سربراہی اجلاس: یوکرین ہمارے خلاف استعمال ہوا ، روسی صدر

بریکس سربراہی اجلاس: یوکرین ہمارے خلاف استعمال ہوا، روسی صدر

قازان: اشتیاق ہمدانی
جمعرات کو قازان میں توسیعی آؤٹ ریچ/بریکس پلس فارمیٹ سیشن میں ولادیمیر پوتن نے کہا کہ مغرب یوکرین کو روس کے خلاف اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے استعمال کررہا ہے۔ روسی رہنما کا کہنا تھا کہ یوکرین کو روس کی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے اور کیا جا رہا ہے، جبکہ ہمارے اہم مفادات، روسی بولنے والے لوگوں کے حقوق کی خلاف ورزی کے بارے میں ہمارے منصفانہ خدشات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک ہمارے ملک کو اسٹریٹجک شکست سے دوچار کرنے کے اپنے مقصد کو مزید چھپا نہیں سکتے۔ صدر پوتن نے کہا تاہم یہ یقین کرنا غیر دانشمندانہ ہے کہ مغرب اپنے مقاصد حاصل کر سکتا ہے۔

واضح رہے روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ، متحدہ عرب امارات اور مصر کے سربراہوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 16ویں سالانہ بریکس سربراہی اجلاس کے لیے روسی شہر قازان میں جمع ہوئے ہیں۔ یہ تقریب جس میں بریکس پارٹنر ممالک کی میزبانی روس کی جانب سے کی گئی ہے، مغرب کے لیے درد سر بنی ہے اور اس بات کا اشارہ ہے کہ روس یوکرین سے متعلق پابندیوں سے الگ تھلگ نہیں ہوا ہے۔ بریکس کے موجودہ رکن ممالک برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ، ایتھوپیا، مصر، ایران اور متحدہ عرب امارات ہیں، تاہم سعودی عرب نے ابھی تک اپنی رکنیت کی دعوت کی توثیق نہیں کی ہے۔

عالمی مالیاتی اداروں کے اندازوں کے مطابق بریکس کے اراکین مجموعی طور پر دنیا کی تقریباً %46 آبادی اور عالمی جی ڈی پی کے %36 سے زائد کی نمائندگی کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ گروپ قازان سربراہی اجلاس میں نئے اراکین کا اعلان کرے گا، اور ساتھ ہی ایک نئی ‘شراکت دار ریاست’ کی حیثیت کے قیام کو حتمی شکل دے گا۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے منگل اور بدھ کو بریکس ممالک کے سربراہان مملکت کے ساتھ کئی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کیں جن میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، چینی صدر شی جن پنگ، ایرانی صدر مسعود پیزیشکیان اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے ساتھ ملاقات بھی شامل ہے۔ جمعرات کو سربراہی اجلاس ختم ہونے سے قبل پوتن اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات کریں گے۔ بریکس کے دیگر ارکان کے درمیان بھی دو طرفہ ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔

Facebook Comments Box
انٹرنیشنل