مغرب اس خواب غفلت میں ہے کہ روس کو شکست دی جاسکتی ہے، روسی صدر
قازان: اشتیاق ہمدانی
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ مغرب یوکرین کو روس کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے لیے استعمال کررہا ہے جبکہ اس وہم میں مبتلا ہے کہ وہ ماسکو کو شکست دے سکتا ہے۔ جمعرات کو قازان میں توسیعی آؤٹ ریچ/برکس پلس فارمیٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے، صدر پوتن نے کہا کہ ہر ایک پر تسلط قائم کرنے اور دھونس جمانے کی عادی قوتوں کی وجہ سے ورلڈ آرڈر کو روکا جا رہا ہے۔
روسی صدر کے مطابق جمہوریت اور انسانی حقوق کی فکر کے بہانے مغرب کی غیر قانونی یکطرفہ پابندیاں اور دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت علاقائی اور عالمی تزویراتی استحکام کو بدترین نقصان پہنچا رہی ہے اور ساتھ ہی ساتھ بین الریاستی تصادم کی راہ ہموار کر رہی ہے۔
صدر پوتن نے مثال کے طور پر یوکرین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسے روس کی سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ ماسکو کے اہم مفادات کے ساتھ ساتھ روسی بولنے والے لوگوں کے حقوق کی خلاف ورزی کے بارے میں اس کے منصفانہ خدشات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔