صدر پاکستان کی اسپیکر روسی فیڈرل کونسل سے ملاقات
اسلام آباد (صداۓ روس)
صدر آصف علی زرداری سے روس کی فیڈرل کونسل کی اسپیکر کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم پر مبنی ہیں۔ صدر مملکت نے عوامی روابط، اسکالرشپ پروگراموں کے ذریعے ثقافتی روابط مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون بڑھانے کے بےپناہ امکانات ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان میں روس کی جانب سے سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر مملکت نے اشک آباد دورے میں صدر ولادیمیر پوtن کیساتھ خوشگوار بات چیت کا بھی ذکر کیا۔ صدر نے بریکس کا رکن بننے کیلئے روس کی جانب سے پاکستان کی حمایت کی بھی درخواست کی اور کہا کہ بریکس کا رکن بننے سے پاکستان کو علاقائی اور عالمی تعاون میں اپنا کردار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ فریقین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی)، نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (این ایس ٹی سی) کے ذریعے علاقائی روابط بڑھانے پر زور دیا۔ روسی فیڈرل کونسل کی اسپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو کا کہنا تھا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو ترجیح دیتا ہے۔ دونوں ممالک کی پارلیمان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے دوطرفہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔ روس کی فیڈرل کونسل کی اسپیکر نے دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایس سی او سربراہان حکومت کی کامیاب میزبانی پر صدر مملکت کو مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیرمستقل نشست کیلئے حمایت پر روس کا شکریہ ادا کیا۔