روس کے ساتھ تعلقات دوبارہ اچھے کرنا ہوں گے، سابق یوکرینی صدر
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
یوکرین کے سابق صدر لیونیڈ کچما نے کہا ہے کہ جب روس اور یوکرین کے درمیان مسلح تنازع ختم ہو جائے گا تو یوکرین کو روس کے ساتھ تعلقات کی تجدید کرنے کی ضرورت ہوگی۔ پیر کو انٹرفیکس یوکرین کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران یہ پوچھے جانے پر کہ کیا روس کے ساتھ اقتصادی رابطے جلد ہی کسی بھی وقت ممکن ہوسکتے ہیں؟ تو سابق سربراہ مملکت نے کہا کہ ایسا کرنا بہت ضروری ہوگا. انہوں نے مزید کہا کہ روس کے جغرافیائی محل وقوع اور معدنی وسائل سے مالا مال ہوتے ہوئے مستقبل میں باقاعدہ تجارت ممکن ہے، لیکن روس کو پہلے اپنی جارحانہ سامراجی نفسیات کو تبدیل کرنا چاہیے. کچما نے مزید کہا کہ تاہم وہ ایسا ہونے کی توقع نہیں رکھتے۔
کیف اور اس کے مغربی حمایتیوں نے یوکرین کے تنازعے کو روسی سامراجی فتح قرار دیا ہے۔ ماسکو اس کی تردید کرتا ہے اور امریکہ کی زیر قیادت پراکسی جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ لڑائی یورپ میں نیٹو کی توسیع اور یوکرینی نسل پرستوں کی جانب سے یوکرین میں رہنے والے روسیوں کے خلاف امتیازی سلوک کے بعد شروع ہوئی تھی۔