یوکرین میں فتح حاصل کرنے تک روس کا ساتھ دیں گے، شمالی کوریا
ماسکو (صداۓ روس)
شمالی کوریا کی وزیر خارجہ نے ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ پیانگ یانگ اس وقت تک روس کے ساتھ کھڑا رہے گا جب تک وہ یوکرین کے خلاف اپنی جنگ میں “فتح” حاصل نہیں کر لیتا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان یہ ملاقات ان مغربی دعووں کے درمیان ہوئی ہے کہ شمالی کوریا نے ممکنہ طور پر یوکرین کے میدان جنگ میں ہزاروں کوریائی فوجی روس بھیجے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا کی وزیر خارجہ چوے سون ہوئی نے ٹیلی ویژن پر بات چیت کے دوران اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کو بتایا کہ ہم فتح کے دن تک ہمیشہ اپنے روسی ساتھیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس میں کوئی شک نہیں کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کی دانشمندانہ قیادت میں روسی فوج اور عوام اپنی ریاست کے خود مختار حقوق اور سلامتی کے دفاع کے لیے اپنی مقدس جدوجہد میں یقیناً ایک عظیم فتح حاصل کریں گے۔ اس موقع پر روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے دونوں ممالک کی فوجوں اور خصوصی خدمات کے درمیان قریبی تعلقات کو سراہا۔ لاوروف نے کہا اس سے ہمارے شہریوں اور آپ کے لیے اہم سیکیورٹی مقاصد کو حل کرنا بھی ممکن ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ ماسکو یوکرین میں رونما ہونے والے واقعات پر ہمارے اصولی موقف کی حمایت کرنے پر کوریائی دوستوں کا تہہ دل سے مشکور ہے۔