کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پرخودکش حملہ21 افراد جاں بحق
اسلام آباد (صداۓ روس)
کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر مبینہ خودکش دھماکے میں خاتون سمیت 21 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا۔دوسری جانب سول اسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر نور اللہ کے مطابق اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، طبی امداد کے لیے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ طلب کر لیا گیا ہے۔پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے دھماکے میں خاتون سمیت 21 مسافروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ایس ایس پی ریلوے پولیس کے مطابق بظاہر دھماکا خود کش لگتا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دھماکے کی وزیرِ اعظم شہباز شریف، قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور دیگر کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں۔ قائم مقام صدر نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔