سموگ بے قابو: لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ
اسلام آباد (صداۓ روس)
لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، ہفتے میں تین دن مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان. پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسموگ کی بگڑتی صورتحال پر لاہور اور ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کرتی ہوں، لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ اور اتوار مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، دونوں شہروں میں ہفتے سے اگلے اتوار تک تعمیرات پر پابندی لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ڈیسک اور اسپتالوں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، محکموں کو ادویات وافر کرنے کی ہدایت کی جب کہ شہری موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال کریں۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ بدھ تک ڈیٹا دیکھیں گے، اسموگ ہیلتھ کرائسس میں تبدیل ہو چکا ہے، پنجاب حکومت اسموگ کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے اور اسموگ کی روک تھام کیلئے 10 سال کی پالیسی دے دی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کے مختلف محکمے اسموگ کی روک تھام کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ آنے والے بھٹے مسمار کیے جارہے ہیں تاہم اسموگ پر قابو پانا ایک لانگ ٹرم پراسیس ہے، اس پر قابو پانے کیلئے تین 3 ماہ کے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سینئر وزیر نے مزید کہا کہ اسموگ کے باعث اسکول مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے، کالجز اور یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی، ریسٹورینٹس کو شام4بجے تک کا وقت دیا ہے تاہم ریسٹورینٹس سے کھانا لے جانے کی اجازت رات 8 بجے تک ہوگی۔