عہدہ چھوڑنے سے قبل بائیڈن عالمی جنگ کروانا چاہتے ہیں، امریکی سیاستدان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ریپبلکن کی نمائند ہ مارجوری ٹیلر گرین نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن جنوری میں عہدہ چھوڑنے سے پہلے خطرناک طور پر عالمی جنگ شروع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جارجیا سے تعلق رکھنے والی قانون ساز ان رپورٹس پر رد عمل ظاہر کر رہی تھیں کہ بائیڈن نے کیف کی طرف سے روسی حدود میں گہرائی تک حملوں کے لیے امریکی فراہم کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے استعمال پر پابندی ختم کر دی تھی۔ پالیسی میں تبدیلی کی اطلاع نیویارک ٹائمز، ایسوسی ایٹڈ پریس، ایکسیوس اور دیگر خبر رساں اداروں نے دی ہے، جن میں سے سبھی نے گمنام ذرائع کا حوالہ دیا ہے۔
گرین نے اس ماہ کے شروع میں ڈونلڈ ٹرمپ کے اگلے امریکی صدر کے انتخاب کا حوالہ دیتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ یہ مبینہ فیصلہ امریکی عوام کی غیر ملکی جنگوں کو فنڈ دینے یا لڑنے کی خواہش کے خلاف ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ فرسٹ کے پلیٹ فارم پر مہم چلائی اور دعویٰ کیا کہ اگر وہ منتخب ہوئے تو وہ 24 گھنٹوں میں یوکرین کے تنازع کو ختم کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ جیت گئے اور واضح اکثریت حاصل کی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی عوام دنیا میں جنگ ختم کرنے کے بیانیہ کی حمایت کرتی ہے.