حکومت کا آپریشن مکمل، تحریک انصاف کا اسلام آباد میں احتجاج ختم
اسلام آباد (صداۓ روس)
تحریک انصاف نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پولیس نے اسلام آباد میں سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے، جناح ایونیو، سیونتھ ایونیو سے مظاہرین درجنوں گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں پُرامن مظاہرین کے خلاف بربریت کا مظاہرہ کیا گیا، دعویٰ کیا کہ شہید کیے گئے 8 کارکنوں کے کوائف آچکے ہیں۔ پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ قتل اور آپریشن کی مذمت کرتے ہیں، کارکنوں کو سیدھی گولیاں ماری گئیں، ہم حکومتی منصوبے کے پیشِ نظر احتجاج منسوخ کررہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلیو ایریا میں خیبر چوک کے قریب پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف پولیس نے آپریشن کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا جبکہ کچھ کارکن بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بلیو ایریا اس وقت مکمل طور پر کلیئر کروا لیا گیا ہے، علاقہ کلیئر کروانے کے بعد اس وقت وہاں کوئی آپریشن نہیں کیا جا رہا۔