اورشینک بیلسٹک میزائل کی طاقت شہاب ثاقب کی طرح ہے، صدر پوتن
ماسکو (صداۓ روس)
صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کو کہا کہ روس کے نئے جدید ترین اورشینک بیلسٹک میزائل کی طاقت شہاب ثاقب کے اثرات کی طرح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائپرسونک ہتھیار محفوظ ترین اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ یوکرین کو جوہری ہتھیار دیے گئے تو تمام تر فوجی وسائل استعمال کریں گے۔ اپنے ایک بیان میں روسی صدر نے کہا ہے کہ یوکرین کے ہر اقدام کو مانیٹر کریں گے، جارحیت کے ہر قدم کا جواب دینے کے لیے روس تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ میں نے بارہا کہا ہے کہ ہمیشہ ہماری طرف سے جواب آئے گا۔
صدر پوتن نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں اجتماعی سلامتی کے معاہدے کی تنظیم سی ایس ٹی او کے سربراہی اجلاس میں بتایا کہ ماسکو کے پاس پہلے ہی اس طرح کے متعدد میزائل موجود ہیں اور اس نے جدید ہتھیاروں کے نظام کی بڑے پیمانے پر پیداوار شروع کر دی ہے۔ روسی رہنما نے کہا ہمارا اورشینک میزائل ایک گرتے ہوئے شہاب ثاقب کی طرح ہے، اور ہم تاریخ سے جانتے ہیں کہ شہاب ثاقب کہاں گرے تھے اور اس کے نتائج کیا تھے۔ صدر پوتن نے کہا کہ اورشینک سسٹم میں درجنوں ہومنگ وار ہیڈز بھی ہیں جو آواز کی رفتار سے دس گنا تیز سفر کرتے ہوئے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے میزائلوں کے ساتھ ایک بڑے حملے کا موازنہ جوہری دھماکے سے کیا جا سکتا ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ حملے کے مرکز میں موجود کوئی بھی چیز بنیادی ذرات میں مٹ جاتی ہے، خاک میں بدل جاتی ہے۔ صدر پوتن نے خبردار کیا کہ روسی فوج ممکنہ اورشنک حملوں کے لیے اہداف کا انتخاب کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر یوکرین نے روس کے خلاف مغربی فراہم کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں اور ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے حملے جاری رکھے تو اس نظام کو “کیف حکومت” کے خلاف انتقامی کارروائی میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔