روسی شہر قازان میں یوکرین کا ڈرون حملہ
ماسکو (صداۓ روس)
روس کی ہوا بازی کے نگراں ادارے روسا ویاتسیا نے ہفتے کو ٹیلی گرام میسنجر میں لکھا ہے کہ روس کے قازان شہر پر یوکرین کے ڈرون حملے کے بعد اس شہرکے ہوائی اڈے پر آنے اور جانے والی پروازوں کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے ماسکو سے آٹھ سو کلومیٹر مشرق میں واقع شہر قازان میں ایک رہائشی کمپلیکس پر ڈرون حملے کی خبر دی ہے۔
تاس خبر رساں ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ آٹھ ڈرون حملوں میں سے چھ حملے رہائشی عمارتوں پر کیے گئے ہیں۔ان روسی خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹس کے مطابق مقامی حکام نے کہا ہے کہ ان حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔رائٹرز نے لکھا ہےکہ روس کی سیکیورٹی سروس (بازا) کے قریبی ٹیلیگرام چینل نے ایک بلند عمارت پر فضائی اشیاء کے اترنے کی غیر مصدقہ اطلاعات شائع کیں جس سے ایک زبردست دھماکہ ہوا۔
روسا ویاتسیا نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ قازان کے شمال مشرق میں واقع ایک چھوٹے شہر ایژفسک کے ہوائی اڈے پر بھی عارضی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق، روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی اور فوجی تنازعات، منگل سے ماسکو میں ایک بم دھماکے میں روس کے اعلی جنرلوں میں سے ایک ایگور کریلوف کے قتل کے بعد بڑھ گئے ہیں۔
ایس بی یو انٹیلی جنس سروس نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دوسری جانب بدھ کے روز یوکرین نے روس کے علاقے روستوف کے جنوب میں چھ امریکی اینٹی گائيڈڈ میزائل اور چار بریٹش اسٹارم شیڈو کروز میزائلوں سے حملہ کیا۔ روس کی وزارت دفاع نے جمعہ کی صبح اعلان کیا ہے کہ اس حملے کے جواب میں یوکرین کی سیکیورٹی سروس کے کمانڈ سینٹر، نیپٹون اور ویلخا میزائلوں کی تیاری کرنے والی کمپنی اور پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کے ٹھکانوں پر حملے کئے گئے-